
عمران خان یا کوئی اور؟ شیروانی کا اصل حقدار کون؟
پشاور:
قیدی نمبر 804 کس چیز کا حق دار ہے اور وزیراعظم کی شیروانی کون پہنے گا؟ اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات نے اپنے بیان میں لب کشائی کی ہے۔
صوبائی مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے گورنر نے بلاول بھٹو زرداری کے وزیراعظم بننے کی تصدیق کر دی ہے۔ ان کے مطابق، صدر آصف زرداری کچھ عرصے سے بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کے مشن پر کام کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ صدر زرداری بلاول بھٹو کو شیروانی پہنانے کے خواہش مند ہیں، جبکہ شہباز شریف کو اپنا بوریا بستر گول کرنے کی تیاری کر لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں باری لینے کا منصوبہ بنایا ہے، لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق، فارم 47 کی بنیاد پر قائم جعلی حکومت کا جلد خاتمہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام کے مینڈیٹ سے کھیل رہی ہیں، جبکہ عوام اپنا حق چھیننا جانتے ہیں۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ اصل مینڈیٹ کے حقدار قیدی نمبر 804، یعنی عمران خان ہیں۔ ان کے بقول، جلد ہی یہ جعلی حکمران سلاخوں کے پیچھے ہوں گے اور عمران خان ایک بار پھر وزیراعظم بنیں گے۔