
The presence of a rare fish in the Canary Islands has raised concerns
اسپین کے کینری جزائر میں ایک نایاب مچھلی مردہ حالت میں ساحل پر پائی گئی، جس کے بعد قدرتی آفات سے متعلق مختلف خدشات نے سر اٹھا لیا۔
یہ مچھلی، جو عموماً گہرے سمندر میں رہتی ہے، ایک سیاح نے ساحل پر دریافت کی۔ اس دریافت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص تیراکی کے لباس میں چمکدار چاندی کی رنگت والی اس مچھلی کو دوبارہ سمندر میں دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
زلزلوں اور سونامی کی پیش گوئی کی علامت؟
یہ مچھلی جاپانی لوک کہانیوں میں ایک “سمندری دیوتا کا پیغامبر” سمجھی جاتی ہے اور اسے زلزلوں، سونامی اور طوفانوں کی آمد کی علامت تصور کیا جاتا ہے۔ عام طور پر یہ 3,300 فٹ کی گہرائی میں پائی جاتی ہے اور سطح کے قریب شاذ و نادر ہی دیکھی جاتی ہے، جس کی وجہ سے اس کا نظر آنا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔

سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں
اس حیرت انگیز دریافت نے سوشل میڈیا پر کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا، “یہ ہمیشہ کسی بڑی تباہی سے پہلے نظر آتی ہے!” جبکہ ایک اور نے لکھا، “کچھ بڑا ہونے والا ہے!” کچھ افراد نے مطالبہ کیا کہ مچھلی کو فوراً واپس سمندر میں چھوڑ دیا جائے تاکہ کسی ممکنہ قدرتی آفت سے بچا جا سکے۔
کیلیفورنیا میں بھی ایسا ہی واقعہ!
ایسا ہی ایک واقعہ کیلیفورنیا میں بھی پیش آ چکا ہے، جہاں نومبر 2024 کے بعد دوسری بار ایک نایاب مچھلی ساحل پر ملی۔ تقریباً 10 فٹ لمبی یہ مچھلی جنوبی کیلیفورنیا کے انکینیٹاس (Encinitas) ساحل پر سمندری ماہر ایلیسن لیفریئر کو ملی، جو سکرپس انسٹی ٹیوٹ آف اوشینوگرافی، یو سی سان ڈیاگو میں پی ایچ ڈی کر رہی ہیں۔
قدرتی آفات کی پیش گوئی یا محض اتفاق؟
یہ مچھلی 20 فٹ تک لمبی ہو سکتی ہے اور عام طور پر سمندر کی گہرائیوں میں رہتی ہے۔ لیکن جب بھی یہ سطح کے قریب آتی ہے یا ساحل پر پائی جاتی ہے، لوگ اسے کسی بڑی قدرتی آفت کی پیش گوئی سے جوڑ دیتے ہیں۔
کیا یہ واقعی کسی بڑی تباہی کی علامت ہے یا صرف ایک سائنسی معمّا؟ یہ سوال ابھی تک بحث طلب ہے!