
Inzamam angry over Gavaskar's controversial statement, advises to be careful
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بھارتی کرکٹ لیجنڈ سنیل گواسکر کے حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان ٹیم کو کمزور قرار دیا تھا۔
سنیل گواسکر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم بھارت کی بی ٹیم کے خلاف بھی جیتنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔ انہوں نے خاص طور پر پاکستانی بیٹنگ لائن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس میں میچ جتوانے والے کھلاڑیوں کی کمی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان مخالف بیان پر گلیسپی نے گواسکر کو آڑے ہاتھوں لے لیا
گواسکر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سے باصلاحیت کرکٹرز پیدا کیے ہیں، لیکن حالیہ برسوں میں وہ عالمی معیار کے بیٹرز تیار کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے انضمام الحق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حیرت ہے کہ پاکستان اب تک ان جیسے کھلاڑی نہیں لا سکا۔
انضمام الحق نے گواسکر کے بیان پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سینئر کرکٹر ہونے کے ناطے انہیں ایسے غیر ضروری تبصروں سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کی ٹیم اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے تو گواسکر کو اپنی ٹیم کی تعریف کرنی چاہیے، نہ کہ دوسری ٹیموں کو کمتر ثابت کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انضمام نے مزید کہا کہ کسی بھی ٹیم پر تنقید کرنے سے پہلے اعداد و شمار دیکھنے چاہییں، اور پاکستان کرکٹ کو یوں کمزور ثابت کرنے کے بجائے مثبت رویہ اپنانا چاہیے۔
انہوں نے گواسکر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے الفاظ کے انتخاب میں محتاط رہیں اور غیر ضروری تنقید سے اجتناب کریں، کیونکہ کرکٹ ایک کھیل ہے اور ہر ٹیم میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے، لیکن کسی ٹیم کو کمتر قرار دینا مناسب رویہ نہیں۔