
Saudi Arabia's new decision: Vaccination made a condition for Hajj 2025
جدہ: سعودی حکومت نے حج 2025 کے لیے میننجائٹس ویکسین کو لازمی قرار دے دیا ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق، تمام ملکی اور غیرملکی عازمین حج کے لیے ویکسینیشن کروانا ضروری ہوگا، بصورت دیگر انہیں حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کے بغیر کسی بھی شخص کو حج پیکج بک کروانے یا رجسٹریشن کرانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ اقدام دوران حج متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزارت نے وضاحت کی ہے کہ میننجائٹس ایک سنگین بیماری ہے جو رش اور ہجوم والی جگہوں پر تیزی سے پھیل سکتی ہے، اسی لیے حج جیسے بڑے اجتماع میں اس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن انتہائی ضروری قرار دی گئی ہے۔
سعودی حکومت نے یہ اعلان حج 2025 کی تیاریوں کے آغاز کے دوران کیا ہے، جب پاکستان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ حج معاہدے طے پا رہے ہیں۔
تمام عازمین حج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بروقت ویکسین لگوا لیں تاکہ ان کی رجسٹریشن میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔