
پولیس اور کارکن آمنے سامنے، علاقے میں کشیدگی عروج پر — کاروبار، تعلیمی ادارے بند، سڑکیں میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگیں
کراچی: نیو کراچی سیکٹر 11-G میں پیر کے روز تحریک لبیک پاکستان (TLP) کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران علاقے کو میدانِ جنگ میں تبدیل کر دیا۔ مشتعل کارکنوں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے، بسوں کو آگ لگا دی اور زبردست جلاؤ گھیراؤ کیا، جس کے باعث پورا علاقہ مفلوج ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد پورا علاقہ دھوئیں سے بھر گیا اور حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے۔
کاروباری مراکز اور دکانیں فوراً بند کر دی گئیں جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی ایمرجنسی کے تحت بچوں کو گھر بھیج دیا گیا۔
علاقے میں مکمل ہڑتال کی فضا قائم ہے اور سڑکیں سنسان ہو چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے مرکزی سڑکوں کو بلاک کر دیا جس سے آمدورفت کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا۔ پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔