کراچی: زیورات لے کر فرار ہونے والی ٹک ٹاکر اسد علی کی اہلیہ کا چونکا دینے والا بیان سامنے آ گیا
کراچی: مشہور ٹک ٹاکر اسد علی کی اہلیہ حنا، جو مبینہ طور پر گھر سے طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی تھیں، نے ایک ویڈیو بیان میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اسد علی نے اپنی اہلیہ کے خلاف کورنگی تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا، جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی بیوی گھر سے سونے کے زیورات اور 35 ہزار روپے چوری کر کے بھاگ گئی ہے۔ تاہم، اب حنا کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے شوہر پر تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔
حنا نے اپنے بیان میں کہا، “شادی کے بعد سے ہی اسد مجھ پر مسلسل تشدد کرتا رہا، اور اسی تشدد کی وجہ سے میرے تین بچے قبل از پیدائش فوت ہو چکے ہیں۔ اسی ظلم سے تنگ آ کر میں نے گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔”
دوسری جانب، اسد علی کا مؤقف ہے کہ جب وہ گھر پہنچے تو ان کی بیوی غائب تھی، اور جب الماری چیک کی تو طلائی زیورات اور نقدی بھی موجود نہیں تھے۔ ایف آئی آر کے مطابق، چوری شدہ زیورات میں کان کی بالیاں، ایک انگوٹھی، اور ڈیڑھ تولہ سونے کا ہار شامل ہے۔
اسد نے مزید کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ ان کی اہلیہ حنا کو ان کے پڑوسی ظفر نے اغوا کر لیا ہے۔ پولیس اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔