جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔
رپورٹ کے مطابق، چیف جسٹس آف پاکستان، یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عدالتوں میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ میں 9 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لیے 40 نام زیر غور آئے۔ تاہم، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز فرح جمشید، انعام اللہ خان اور قاضی جواد احسان اللہ کو ایڈیشنل جج مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ، کمیشن نے مدثر امیر، ثابت اللہ، اورنگزیب، عبد الفیاض، صلاح الدین، صادق علی اور طارق آفریدی کے ناموں کی بھی منظوری دے دی۔
اجلاس کے دوران، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے 10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی درخواست کی۔ ذرائع کے مطابق، چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے اس درخواست سے اتفاق کیا، جبکہ بعض ممبران نے اعتراض کیا کہ ایجنڈے میں صرف 9 ججز کی تعیناتی شامل تھی، لہٰذا 10 ججز کی منظوری مناسب نہیں۔ تاہم، اکثریتی رائے سے 10 ایڈیشنل ججز کی تقرری کی منظوری دے دی گئی۔
بعد ازاں، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں بتایا گیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے لیے 10 ایڈیشنل ججز کی منظوری دی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق، ان میں 2 ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور 8 وکلا شامل ہیں۔
اعلامیے میں تصدیق کی گئی کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز فرح جمشید اور انعام اللہ خان کے علاوہ محمد طارق آفریدی، عبد الفیاض، سبط اللہ خان، صلاح الدین، صادق علی، مدثر امیر، محمد اورنگزیب اور قاضی جواد احسان اللہ کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔