![](https://qaumkiawaz.pk/wp-content/uploads/2025/02/mohsin-naqvi1738922251-0-600x450-1.webp)
Chairman PCB expressed gratitude to the workers for the completion of Gaddafi Stadium
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش میں کام کرنے والے مزدوروں کے ساتھ کھانا کھایا اور ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی۔
چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل قذافی اسٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے بعد، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے 1500 سے زائد ورکرز کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا اور ان کی نشستوں پر جا کر ان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر مزدوروں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ سیلفیاں اور تصویریں بنوائیں۔
محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل کرنے میں ورکرز کی شب و روز محنت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزدوروں کو سہ ملکی سیریز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی۔
مزدوروں نے گفتگو کے دوران محسن نقوی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا، “صاحب، آپ نے کمال کر دیا! تین ماہ سے قذافی اسٹیڈیم میں کام کر رہے تھے، اور اب اسٹیڈیم کو دیکھ کر دل خوش ہوگیا ہے۔”
چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر مزدوروں کے لیے مٹن قورمہ، چکن روسٹ، بیف پلاؤ، گرم نان، کولڈ ڈرنکس، منرل واٹر اور کشمیری چائے کا اہتمام کیا گیا تاکہ ان کی محنت کا اعتراف کیا جا سکے۔
ظہرانے کے دوران ایڈوائزر عامر میر، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر، نیسپاک اور پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔