![](https://qaumkiawaz.pk/wp-content/uploads/2025/02/4tet3mlg_jasprit-bumrah_625x300_04_February_25.webp)
Champions Trophy; Important developments regarding Jasprit Bumrah's inclusion in the Indian squad
چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی اسکواڈ میں شمولیت کے حوالے سے نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔
کرکٹ کی معتبر ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں حتمی اسکواڈ جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 فروری مقرر کی گئی ہے، تاہم جسپریت بمراہ کی فٹنس اب تک غیر یقینی ہے۔
ذرائع کے مطابق، حال ہی میں بنگلور میں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سینٹر آف ایکسی لینس میں جسپریت بمراہ کی کمر کا اسکین کیا گیا، جس کی رپورٹ پر کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل سلیکٹرز اور بھارتی ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کی جائے گی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے 18 جنوری کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں جسپریت بمراہ کو بھی شامل کیا گیا تھا، تاہم انگلینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں وہ کوئی میچ نہیں کھیل سکے۔
احمد آباد میں سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں ان کی شمولیت متوقع تھی، لیکن وہ طبی معائنے کے لیے بنگلور چلے گئے۔
اگر جسپریت بمراہ کو چیمپیئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل نہ کیا گیا تو ان کی جگہ ہرشیت رانا کو ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، جو انگلینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گواسکر بارڈر ٹرافی کے آخری ٹیسٹ میچ کے دوران جسپریت بمراہ انجری کا شکار ہوگئے تھے اور اس کے بعد سے اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا۔