
Important news for those appearing for the CSS exam this year
لاہور: سی ایس ایس 2025 کے امتحان دینے والے طلبہ کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، عدالت نے واضح کر دیا کہ کسی کی خواہش پر پورے ملک میں امتحانات نہیں روکے جا سکتے۔
تفصیلات کے مطابق، لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے شہری حمزہ عارف اور دیگر کی جانب سے سی ایس ایس 2025 کے امتحانات روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا، جبکہ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سی ایس ایس کے امتحانات 23 فروری تک جاری رہیں گے اور تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے 2024 کے نتائج کا اعلان نہیں کیا، اور نتائج کے بغیر نئے امتحانات لینا امیدواروں کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ 2024 کے نتائج کے اعلان تک نئے امتحانات ملتوی کیے جائیں۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سی ایس ایس 2025 کے امتحانات روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی خواہش پر پورے ملک میں امتحانات معطل نہیں کیے جا سکتے۔