
Explosion in Harnai, 10 miners killed and 6 injured
ہرنائی: شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 10 کان کن جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، ہرنائی کے شاہرگ کوئلہ کان ایریا ٹاکری میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 10 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد کوئلے کی کانوں میں کام کرنے جا رہے تھے، تاہم جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر شاہرگ منتقل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے میں کان کنوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والے درندوں کو سخت قیمت چکانی پڑے گی، ہم ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت سے سرگرم عمل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ زخمی مزدوروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں اور ہم سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اس دکھ کی گھڑی میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیر خوراک بلوچستان نورمحمد دمڑ نے بھی ہرنائی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 10 مزدوروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
نورمحمد دمڑ کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج کی تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ہم معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔