
Hazrat Ali's martyrdom day procession in Karachi, tight security arrangements
کراچی: یومِ شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مقررہ راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، آج ملک بھر میں یومِ شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں جلوس برآمد ہوں گے۔ کراچی میں مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ پولیس حکام کے مطابق، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلوس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ تمام گزرگاہوں کو رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ رینجرز اور اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ بلند عمارتوں پر اسنائپرز کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 815 ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کو مرکزی جلوس کے راستوں اور متبادل ٹریفک روٹس پر تعینات کیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب، لاہور میں بھی یومِ علی کے موقع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ مرکزی جلوس اندرون موچی گیٹ مبارک حویلی سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا نمازِ مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سادہ لباس اہلکار اور روٹس کی چھتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں عزاداروں کی سہولت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔