کراچی میں بن قاسم ٹاؤن لنک روڈ پر واقع فلک ناز سوسائٹی کے ایک مکان سے میاں، بیوی اور بچوں سمیت ملنے والی 5 پراسرار لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد تمام میتوں کو سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران متوفی شاہ زیب اور صبا کی موت سر میں گولیاں لگنے کے نتیجے میں واقع ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے دونوں کے جسموں سے گن شاٹ ریزیڈیو (GSR)، کیمیکل اور ڈی این اے کے تفصیلی نمونے حاصل کر لیے ہیں۔
دوسری جانب متوفین میں شامل شمائلہ، ایزل اور آریا کی موت کی حتمی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس سرجن کے مطابق ان تینوں لاشوں کی وجۂ موت کو فرانزک، کیمیکل، سیرولوجی اور ڈی این اے تجزیے کی حتمی رپورٹس موصول ہونے تک محفوظ رکھا گیا ہے۔ تمام پانچوں لاشوں کے ضروری فرانزک نمونے اور شواہد لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں تاکہ واقعے کے اصل محرکات، زہر خورانی یا فائرنگ کے مکمل شواہد کا سائنسی بنیادوں پر تعین کیا جا سکے۔
پولیس اور تفتیشی ٹیمیں جائے وقوعہ سے ملنے والے فنگر پرنٹس، شواہد اور فرانزک رپورٹس کی روشنی میں واقعے کی تفتیش کو مختلف زاویوں سے آگے بڑھا رہی ہیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ یہ اجتماعی خودکشی کا واقعہ تھا یا باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل۔
