
صارفین کی زرین خان پر شدید تنقید ، زرین کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیا گیا ،وہ ٹرولز کو نظر انداز کریں
بالی ووڈ کی اداکارہ زرین خان نے سوشل میڈیا پر بڑھتی آن لائن ہراسانی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ جب بھی کوئی پوسٹ شیئر کرتی ہیں، انہیں فحش، غیر مہذب اور ذومعنی تبصرے موصول ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چاہے پوسٹ خوشگوار ہو، ذاتی تجربات سے متعلق ہو یا کسی افسوسناک واقعے کی، ہر بار انہیں مایوس کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ زرین نے سوال کیا کہ کیا ان کے فالوورز بھی ایسی ہراسانی کا شکار ہیں، اداکارہ نے سوال اُٹھایا کہ آخر اس رویے کی وجہ کیا ہے؟
سلمان خان کی ساتھی اداکارہ زرین خان کی ویڈیو پر متعدد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے ان کے حق میں آواز اٹھائی، جبکہ کئی نے سوشل میڈیا پر بڑھتی بدتمیزی پر تشویش کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے زرین کو مشورہ دیا کہ وہ ٹرولز کو نظر انداز کریں۔
واضح رہے کہ زرین نے 2010 میں سلمان خان کے ساتھ فلم ’ویر‘ سے ڈیبیو کیا تھا کہا جارہا تھا کہ انہیں کترینہ سے مشابہت کی وجہ سے سلمان کی جانب سے ان کے مدمقابل لایا گیا ہے۔ زرین خان نے ’ہاؤس فل 2‘، ’ہیٹ اسٹوری 3‘ اور ’اکسر 2‘ میں اداکاری کی، جبکہ ان کی آخری فلم ’ہم بھی اکیلے تم بھی اکیلے‘ 2021 میں ریلیز ہوئی تھی۔